تحریر.. ممتاز علی خاکسار میرپور
خبر ہے کہ حکومتِ پنجاب نے عوام کی محرومیوں اور بے بسی کا ازالہ کرتے ہوئے یکم اگست 2024کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے .اس نوٹیفکیشن کو پاکستان بھر کے اندر سوشل میڈیا پر بہت پزیرائی حاصل ہوئی ہے.
وٹس ایپ گروپس میں اس نوٹیفکیشن کو عام آدمی دھڑا دڑ شئیر کر رہا ہے اور اپنی خوشی کا اظہار کر رہا ہے یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے کسی قیدی کو کئی سالوں بعد رہائی کے وقت جو خوشی ہوتی ہے وہی خوشی اس نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد عوام محسوس کر رہے ہیں حکومت پنجاب کے جانب سے جاری ہونے والے اس نوٹیفیکیشن کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجز، ڈینز، ایچ او ڈیز، ایم ایس وسرکاری ہسپتالوں میں نوکری کرنے والے ڈاکٹرز، پروفیسرز، اور دیگر پر پرائیویٹ پریکٹس کرنے پر فوری طور پابندی لگا دی ھے. نوٹیفیکیشن کے مطابق کسی بھی پرائیویٹ کلینک کی اچانک چیکنگ کے دوران کوئی بھی سرکاری ڈاکٹر پرائیوٹ پریکٹس میں مصروف پایا گیا تو اسے نوکری سے فوری طور فارغ کئے جانے کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی.
یہی وجہ ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد ایک عام آدمی نے تو خوشی کا اظہار کیا ہے اور حکومت پنجاب کو سنہری الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے وہیں سرکاری ڈاکٹرز سخت زہنی پریشانی. تذبذب اور اضطرابی کیفیت کا شکار ہو گئے ہیں. انہوں نے اپنے طور پر آلام بندی شروع کر دی ہے. دیکھیں نہ ایک معقول تنخواہ ملنے کے باوجود اگر سرکار کا ڈاکٹر سرکاری امور پر نہیں رہتا. سرکاری ڈیوٹی انجام نہیں دیتا اپنی جائے تعیناتی کی بجائے پرائیویٹ پریکٹس پر زیادہ وقت دیتا ہے تو اس ڈاکٹر کو خود بخود سرکاری سیٹ سے سبکدوش ہو کر اپنی جگہ پر کسی ضرورت مند ڈاکٹر کو بیٹھنے کاموقع دے کر بڑے ظرف کا مظاہرہ کرنا چائیے.
اگر آپ تنخواہ سرکار سے لیتے ہیں اور سرکار آپ کو ہر ماہ لاکھوں نہیں کروڑوں روپے تنخواہ صرف اس لیے دیتی ہے کہ ایک عام آدمی کو صحت کی سہولیات میسر آسکیں. اور آپ تنخواہ سرکار سے لیتے ہیں اور زیادہ وقت پرائیویٹ کلینکس پر دیتے ہیں تو یہ یقیناً ایک عام آدمی کی حق تلفی اور سنگین حق تلفی ہے جو قابل مذمت ہے…..
یہاں پر یہ بات بھی قبل زکر ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد آزاد کشمیر کے لوگوں نے بھی انوارالحق حکومت کی جانب دیکھنا شروع کر دیا ہے. آزاد کشمیر کے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ جس طرح انوار الحق حکومت آزاد کشمیر کے دیگر معاملات میں گڈ گورننس کے نفاز کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے بالکل اسی طرح آزاد کشمیر کے محکمہ صحت کو بھی رائے راست پر لانے کے لیے کردار ادا کریگی اور پنجاب حکومت کی طرز کا ایک نوٹیفکیشن آزاد کشمیربھی جاری کریگی