میرپور (حیات نیوز )ڈائریکٹرجنرل منگلا ڈیم ہاﺅسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاءنقشبندی نے کہا ہے کہ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے رٹھوعہ ہریام منصوبہ کے لیے وفاق سے فنڈز منظور کروا کر اہلیان میرپور اور متاثرین منگلا ڈیم کوایک عظیم تحفہ دیاہے جس کو اوورسیز کشمیری بھی زبردست الفاظ میں سراہا رہے ہیں ۔
رٹھوعہ ہریام برج کی عدم تکمیل سے متاثرین منگلا ڈیم میں متعدد تحفظات و خدشات تھے ۔وفاقی حکومت کی طرف سے پل کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی کے باعث اہلیان میرپور کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں ۔رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل سے میرپور تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا اور خطہ میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے رٹھوعہ ہریام منصوبے کی تکمیل کے لیے ایکنک سے منظوری اور فنڈز کی فراہمی پر اظہار تشکر کرنے کے حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا ۔
انھوں نے کہاکہ متاثرین منگلا ڈیم نے اپنے آباﺅ اجداد کی قبروں پر منگلا ڈیم بنایا اور دوسری مرتبہ اپنے ہنستے بستے گھروں کو پانی کی نظر کیا یہ کشمیریوں کی پاکستان سے گہری محبت اور عقیدت ہے ۔جب بھی پاکستان کو کشمیریوں کے حوالے سے کسی قربانی دینے کا موقع آیا تو اہلیان میرپور اور متاثرین منگلا ڈیم سب سے آگے ہوتے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ یہ منصوبہ مستقبل میں آزادکشمیر اور پاکستان کی پہچان ثابت ہوگا جس سے سفر ی سہولیات کے ساتھ ساتھ کاروبار،سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔