میرپور (حیات نیوز ) دنیا کے سب سے بڑے ترجمہ والے قرآن پاک کی تین روزہ زیارت کے لئے کشمیر پریس کلب میرپور کے ہال میں تحفظ ناموس رسالت کے چیئرمین الحاج چوہدری محمد ریاض عالم ایڈووکیٹ اور ایڈیشنل کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری ساجد اسلم نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کر دیا اس موقع پر دنیا کے سب سے بڑے ترجمہ والے قرآن پاک کے کاتب پیر امتیاز حیدر شاہ نورانی مجددی نے افتتاح اور دعائیہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پریس کلب میرپور میں قرآن پاک کے41 فٹ لمبے اور ساڑھے 8 فٹ چوڑے قلمی نسخے کی تکمیل میں 425 دن کا عرصہ اور اسکو جوڑنے میں تین ماہ کا عرصہ لگا ہے
اس سے قبل پنجاب،کے پی کے اور سندھ کے مختلف شہروں میں اسے زیارت عام کے لیے لے جایا گیا ہے جبکہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد اور راولہ کوٹ،پونچھ ڈویژن کے بعد تیسرے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں کشمیر پریس کلب میرپور کے ہال میں تین روزہ زیارتِ عام کے لیے رکھا گیا ہے جس کی زیارت کے لئے میرپور اور گردو نواح سے علماء کرام مدرسوں میں زیرِ تعلیم طلبہ اور ہر مکتب فکر کے لوگوں کی بڑی تعداد زیارت عام کے لیے کشمیر پریس کلب میرپور میں آ رہی ہے افتتاحی تقریب کے بعد چیئرمین تحریک تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم آزاد کشمیر الحاج چوہدری محمد ریاض عالم ایڈووکیٹ اور ایڈیشنل کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری ساجد اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ترجمہ والے قرآن پاک کی کشمیر پریس کلب میرپور میں تین روزہ زیارتِ عام کا انعقاد ایک بہت بڑی سعادت ہے اور اس کے انعقاد پر کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر سید عابد حسین شاہ سمیت تمام عہدیداران و اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں جس سے یقینا کشمیر پریس کلب اور اس کے ذمہ داران پر اللہ پاک کی رحمتیں نازل ہونگی
اس موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی کے سابق صدر سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور الحاج غلام رسول عوامی،سنئیر صحافی ممتاز علی خاکسار. صاحبزادہ افتخار ہاشمی اور علماء کرام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی تین روزہ نمائش عام اتوار کے روز شروع ہو گئی ہے جو کہ تین روز اتوار،سوموار اورمنگل تک جاری رہے گی میرپور کے شہری،خواتین و حضرات اور قرب وجوار کے لوگ روزانہ صبح 10 بجے دن سے شام چھ بجے تک دید کا شرف حاصل کر سکتے ہیں۔