میرپور( حیات نیوز)چیئرمین زوبیاسکول فار سپیشل چلڈر ن و ممتاز سیاسی و سماجی کارکن خواجہ ظفر اقبال نے کہا کہ 8 اکتوبر2005کے ہولناک زلزلہ کو ہم نہیں بھولے اس دن کو منانے کا مقصد جہاں اپنے پیاروں کو خراج عقیدت پیش کر ناہے وہاںاس طرح کی آنے والی مصیبتوں کے لیے اپنے آپ کو تیار رکھنا ہے ۔ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ جب بھی ملک اور قوم پر کوئی دورافتادہ مصیبت یا آفات سماوی کا سامنا کر نا پڑا تو پوری قوم اور ادارے مل کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے ۔
2005 کا زلزلہ انمٹ نقوش چھوڑ گیا۔ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے مگر پوری قوم، ملکی ادارے، سماجی تنظیموں، پاک فوج نے جرات و بہادری، صبر و استقامت کے ساتھ تعمیر نو بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں جس سے پوری قوم سرخرو ہوئی۔
سول ڈیفنس ادارہ کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے۔تمام تعلیمی اداروں میں قدرتی آفات سے بچنے کے لیے آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے۔ بلڈنگ کوڈ کے بغیر کوئی عمارت تعمیر کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔تمام بڑے پلازوں میں ایمرجنسی دروازہ ضرور رکھنا چاہیے۔ہمیں بحثیت قوم ایک دوسرے کی مدد کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
ہر انسان کازندگی گزارنے کا کوئی مقصد ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آٹھ اکتوبر2005کو آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلہ کی 19ویں برسی کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ ظفر اقبال نے کہا کہ این جی اوز حکومت کا ہاتھ بٹانے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔جو قابل تحسین بات ہے۔جب بھی کوئی قدرتی آفات یا حادثہ ہو تو این جی اوز فوری موقعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں میں بھرپور حصہ لیتی ہیں ۔حکومت کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے اور این جی اوز کی ضروریات کا بھی خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔