میرپور(حیات نیوز) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزاد کشمیرتحریک آزاد ی کا بیس کیمپ ہے جو افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت ہمیشہ اسی طاق میں رہتا ہے کہ کوئی ایشو بنا کر عالمی رائے عامہ کو پاکستان کے خلاف ورغلایا جائے۔اس حوالے سے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی و سماجی و مذہبی جماعتوں اور شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے پر امن کلچر کو فروغ دیں اور افراتفری کا ماحول پیدا نہ ہونے دیں بلکہ باہمی اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریںتاکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کی راہیں ہموار ہوسکیں۔
آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی سربراہی میں موجودہ حکومت نے خطہ کی تعمیر اور عوامی فلاح و بہبود کے تاریخ سازاقدامات اٹھائے ہیں جس کا بلاتفریق معاشرے کے ہر فرد کو فائدہ ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے یہاں مختلف وفد سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری روایات کو فروغ دیا اور پاکستان کی سالمیت کو ہمیشہ مقدم رکھاہے۔پیپلز پارٹی قانون وآئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور جملہ مسائل بھی جمہوری انداز سے حل کروانے کی خواہاں ہے۔
بھارت نے گزشتہ 77سالوں سے ریاست جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز ظالمانہ اور جابرانہ تسلط قائم کر رکھا ہے اور آئے روزوہ سیز فائر لائن پر رہنے والے شہریوں پر فائرنگ کر کے ڈرا دھمکا رہا ہے لیکن ایل او سی پر رہنے والے شہری دفاع پاکستان کے جذبہ سے سرشار ہوکر دشمن کے تمام منفی ہتکھنڈوں کو خاک میں ملانے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہورہے ہیں جبکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اور حکومت بھی کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس حوالے سے آزادی کے بیس کیمپ میں بھی اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ ہونا چاہیے اور تحریک آزاد ی کشمیر کے حوالے سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں رہنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہوں سکیں اگر آزادی کے بیس کیمپ میں افراتفری کا ماحول ہو ا تو مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے ہمارے بہن بھائیوں کے دلوں کو بھی دکھ پہنچے گا اور اس کا فائدہ ہمارے ازلی دشمن بھارت کوہو گا۔
میری اہل کشمیر سے اپیل ہے کہ وہ خطہ میں قائم امن کے لئے ریاستی کوششوں کا ساتھ دیں اور جملہ مسائل و معاملات کے لئے اتفاق رائے پیدا کریں۔