میرپور (حیات نیوز) امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے یاسر ریاض ڈپٹی کمشنر میرپور اور کامران علی ایس ایس پی میرپور نے محرم الحرام کے حوالہ سے لعل بادشاہ دربار منگلا کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیا اور موجودہ ملکی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اہم سیکورٹی اقدامات بھی اٹھائے۔ بعد میں فارنرز کیمپ منگلا کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
دورہ کے آخرمیں کامران علی ایس ایس پی میرپور نےصحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کو بڑھایا گیا ہے۔ اہم مقامات کا تعین کیا جا کر سیکورٹی کیمرہ جات کی تنصیب اور نگرانی کے نظام کو مزید فعال کیا گیا ہے۔
تھانجات میں پولیس کی تعداد کو زیادہ بڑھا دیا گیا ہے اور ضلع میرپور کے داخلی و خارجی مقامات پر سیکورٹی کو مزید فعال کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت اور انتشار پھیلانے والے اکاونٹس کی نگرانی مسلسل جاری ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی میرپور نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی منفی پراپیگنڈہ جس سے فرقہ واریت کو فروغ، مذہبی انتشار پھیلنے کا احتمال ہو ، کا کسی طور بھی حصہ نہ بنیں بلکہ ایسے عناصر کی فوری نشاندہی کریں کیونکہ فرقہ واریت اور مذہبی انتشار پھیلانا تعزیری جرائم کی مد میں آتا ہے جس پر پولیس فوری کاروائی کو یقینی بنائے گی۔